لاک ڈاؤن ختم نہیں ہوا بس پابندیوں میں کچھ نرمی کی گئی ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی

394

کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن ختم نہیں ہوا بس پابندیوں میں کچھ نرمی کی گئی ہے، عوام ویکسی نیشن کروانے کے لیے گھروں سے نکلیں اور خیال رہے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔

تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹرکراچی مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ  عوام  نے پچھلے ہفتے بھرپور ویکسی نیشن کرائی،عوام سےگزارش ہے آئندہ بھی اسی طرح ویکسین لگوائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں ویکسین لگوانے کے پیغام کو مزید لوگوں تک پہنچانےکی ضرورت ہے،ریسٹورنٹ میں کام کرنے والوں کو ویکسین لگوانا ضروری ہے جبکہ جو لوگ ریسٹورنٹ آئیں گے انہیں بھی ویکسین سرٹیفیکٹ لازمی دکھانا ہوں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے امید ظاہر کی کہ آنے والا وقت اچھا ہوگا اور ہم کرونا پر قابو پالیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لاک ڈاؤن ختم نہیں ہورہا بلکہ اس میں نرمی کی جارہی ہے، کراچی میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 27 فیصد تھی،  اسی وجہ سے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا، جس کے مثبت اثرات سامنے آئے کیونکہ نئے کیسز کی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم  نے گزشتہ 10دن میں اچھی کامیابی حاصل کی، جس کی وجہ سے شہریوں کو کل سے سہولت دی جارہی ہے، کورونا کو شکست دینے کے لیے ماسک کا استعمال اور ویکسین لگوانا لازمی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت نے جو بھی فیصلے کیے وہ آئین و قانون کے مطابق تھے،  سیاستدان عوامی نمائندے ہیں،  وہ اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے سفارشات دیتے ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ سندھ  وہ واحدصوبہ ہے جس نے بلدیاتی نمائندوں کی مدت مکمل ہونے دی، الیکشن کمیشن  تیاری کرلے، اب بلدیاتی الیکشن ہونے چاہئیں، جب بھی بلدیاتی الیکشن کاکہاجائیگا، پی پی بلدیاتی الیکشن کروائےگی۔