صحافتی حقوق کیلیے پی آر اے آواز بلند کر رہی ہے، غلام سرور خان

875

واہ کینٹ (آن لائن) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہصحافت اور سیاست کا چولی دامن کا ساتھ ہے، آزادی اظہار رائے اور صحافیوں کے حقوق کیلیے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن بہتر انداز میں آواز بلند کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے واہ کلچرل فورم کے چیئرمین شعیب ہمیش کی طرف سے پارلیمانی رپورٹر ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کے اعزاز میں عشائیے کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پارلیمانی رپورٹر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری آصف بشیر نے میزبان شعیب ہمیش کا اپنی اور اپنے رفقاء کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی آر اے پارلیمنٹ کے اندر صحافتی کمیونٹی کی توانا آواز ہے اور ان کے بنیادی حقوق کیلیے اپنے دائرے میں رہتے ہوئے کردار ادا کرتی رہے گی۔ سیکرٹری خزانہ انتظار حیدری نے اپنے اعزاز میں عشائیے کو باعث فخر قرار دیا اور کہا کہ ہماری تنظیم پی آر اے وفاق سمیت صوبائی اسمبلیوں کی پریس گیلریز کے ساتھ اپنے روابط مزید مضبوط کر رہی ہے جبکہ علاقائی سطح پر بھی صحافیوں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے کیلیے ہم پہلے بھی کامیاب رہے اور آنے والے دنوں میں بھی ہم اپنے کردار سے غافل نہیں ہونگے۔
غلام سرور خان