کشمیر انتخابات میں شاندار کامیابی پر ایک پی ٹی آئی کی تقریب

179

ریاض میں پاکستان تحریک انصاف کی منتخب باڈی کی طرف سے شہر میں ایم سی ممبران کے اعزاز میں اور کشمیر کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس سلسلے میں سینئر صحافی عابد شمعون چاند نے نمائندہ جسارت سید مسرت خلیل کو تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تقریب میں ریاض ریجن کے نو منتخب عہدیداران صدر تاج محمد خان، سینئرنائب صدر چودھری عامر بشیر، جنرل سیکرٹری عبدالحکیم خان، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری رشاد خان مندوخیل،انفارمیشن سیکرٹری بخت شیر علی خان، انصاف نظریاتی پینل کے ایم سی ممبران اور خاتون سیکرٹری رابعہ بنت طارق سمیت کثیر تعداد میں پی ٹی آئی کی خواتین ارکان نے شرکت کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، جس کی سعادت موسی خان گجر نے حاصل کی۔ پی ٹی آئی کے نو منتخب عہدیداروں نے تمام ایم سی ممبران کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ منتخب باڈی کے ارکان نے اس بات پر زور دیا کہ پارٹی کی تنظیم کو مزید مضبوط کرنے، سعودی عرب میں کارکنان کومتحرک کرنے اور پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر ممبر اپنا کر دار ادا کرے۔ مقررین نے کشمیر انتخابات میں پی ٹی آئی کی شاندار کامیابی پر پارٹی کی اعلی قیادت اور پی ٹی آئی کے کارکنان کو مبارکباد دی اور یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ کشمیر کے عوام نے پی ٹی آئی کو جو مینڈیٹ دیا ہے، وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور ان کی جماعت کے نو منتخب ارکان کشمیری عوام کو مایوس نہیں کرینگے۔پی ٹی آئی ریاض ریجن کے نو منتخب عہدیداروں نے پارٹی لیڈر شپ سے مطالبہ کیا کہ اوور سیز میں پی ٹی آئی کے کارکنان کی دن رات محنت کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کے جائز مطالبات سنے جائیں اور انٹرا پارٹی الیکشن کے متعلق تحفظات دور کیے جائیں تاکہ ہماری پارٹی کے کارکنوں کا اعتماد بحال رہے۔ پروگرام کے آخر میں عشایئے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر کشمیر انتخابات میں کامیابی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔