کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن ، ٹکٹوں کے معاملے پر (ن) لیگی کارکن مشتعل

123

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے لیے ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر احتجاج کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل اور شاہ محمد شاہ کے خلاف نعرے بازی کی ہے،مسلم لیگ ہاؤس کے باہر مشتعل کارکنان نے قیادت کے پوسٹر پھاڑ دیے اور دروازے توڑ کردفتر پرقبضہ کر لیا۔مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے صدرسلمان خان کی قیادت میں ہونے والے مظاہرے میں کارکنان کی بڑی تعداد مسلم لیگ ہاؤس کارساز پہنچی ، کارکنان نے کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں پارٹی ٹکٹ کی تقسیم کے معاملے پر من پسند افراد کو نوازنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ اورمرکزی رہنما مفتاح اسماعیل کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے شہباز شریف کے حق میں نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل کراچی کی سیاست کو خراب اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ،احتجاج کے دوران کارکنان مسلم لیگ ہاؤس میں داخل ہوگئے۔ مشتعل مظاہرین نے مسلم لیگ ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی، مظاہرین نے مسلم لیگ ہاؤس کے دفتر میں شاہ محمد شاہ اور دیگررہنماوں کے پینافلیکس اور تصاویر پھاڑ دیں۔