عالمی برادری اسرائیلی جارحیت بند کرائے ، لبنان

182
فلسطین: نابلس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے جمعہ کے روز شہید ہونے والے عماد دویکات کے جنازے میں ہزاروں لوگ شریک ہیں‘ غزہ پر اسرائیلی بم باری کے باعث گڑھا پڑ گیا ہے

بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) لبنان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل پر لبنان کی سرزمین پرجاری حملے روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔ لبنان کے قائم مقام وزیراعظم حسان دیاب نے ایک بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر لبنان پر فضائی حملے روکنے کے لیے دباؤ ڈالے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے لبنان کی مختاری کی بار بار خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ عالمی برادری صہیونی ریاست کو لبنان پرحملے روکنے کے لیے تل ابیب پر دباؤ ڈالے۔حسان دیاب نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے لبنان پر حملے اقوام متحدہ کی جنگ بندی سے متعلق قرارداد 1701 کی کھلی خلاف ورزی اور لبنان کی سالمیت اور خود مختاری کو پامال کرنے کی کوشش ہے۔خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنان کے مختلف علاقوں پر فضائی حملے کیے ہیں جب کہ دوسری طرف لبنان حزب اللہ نے اسرائیلی ریاست کو راکٹوں سے نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹس نے خبردار کیا ہے کہ ہم حزب اللہ، لبنان کی فوج اور حکومت کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ ہمارا امتحان نہ لیں۔ یہ بیان حزب اللہ ملیشیا کے جمعہ کے روز اس بات کے اس دعوے کے بعد سامنے آیا کہ اس نے اسرائیل پر 15 سے زائد میزائل داغے ہیں۔انہوں نے ایک بیان کہا کہ لبنان میں صورتحال پہلے ہی تشویشناک ہے اور ہم اسے مزید خراب کر سکتے ہیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ جنگ بندی کو پُرسکون طریقے سے آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ تل ابیب کو لبنان میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم حزب اللہ کو اپنے ساتھ گڑبڑ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس تناظر میں اسرائیلی وزیر دفاع اور ان کے امریکی ہم منصب نے لبنان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔