حیسکو بجلی کے خراب ٹرانسفارمرفوری تبدیل کرے،محفوظ گدی

249

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) سابق یوسی چیئرمین ڈاکٹر محفوظ گدی نے حالی روڈ اور امریکن کوارٹرز کے مختلف علاقوں میں دو ماہ گزر جانے کے باوجود بھی خراب ٹرانسفارمرز تبدیل نہ کیے جانے پر اپنے سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیسکو چیف اور دیگر متعلقہ افسران کی نااہلی کی وجہ سے ہزاروں شہری اذیت سے دوچار ہیں، حیسکو حالی روڈ سب ڈویژن کے ایس ڈی او فون اٹھانے کو تیار نہیں جبکہ عوام کے احتجاج کے باوجود حیسکو چیف کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ حیسکو چیف کے اس عمل سے ایسا ظاہر ہورہا ہے کہ موصوف موجودہ حکومت کیخلاف حیدرآباد کے عوام میں نفرت پھیلانے کا ٹارگیٹ لیکر آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو حالی روڈ سب ڈویژن کے علاقے حالی روڈ اور امریکن کوارٹرز میں درجنوں ٹرانسفامرز کئی کئی روز سے خراب ہیں جبکہ تین سے چار ٹرانسفامرز ایسے ہیں جو کہ گزشتہ دو ماہ سے تبدیل نہیں کیے گئے ہیں اور ان ٹرانسفامرز سے منسلک عوام سخت گرمی کے دوران اذیت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ دوماہ سے علاقہ حالی روڈ میں بجلی نہ ہونے کے سبب شدید گرمی میں پینے کے پانی کی قلت کا سامنا اور لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔