پی پی عملی طور پر سندھو دیش بنا چکی، اعلان ہونا باقی ہے،مصطفی کمال

106

کراچی (آن لائن) چیئر مین پاک سر زمین پارٹی مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کو عملی طور پر سندھو دیش بنا چکی صرف اعلان ہونا باقی ہے، سندھ کو آصف زرداری کی جاگیر بنا دیا ہے، جلد پاکستان کے دیگر حصوں سے سندھ آنے کے لیے ویزا کی ضرورت پڑے گی، خون کے آخری قطرے تک صوبہ سندھ کی حفاظت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ جو لوگ بچوں کی دوائیں بیچ کر روپیوں میں
کرپشن کر سکتے ہیں، انہیں ڈالر دے کر ملک کے خلاف کیوں استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ ضمیر بیچنے والے کو فرق نہیں پڑتا کہ اسے پیسے دینے والا بھارت ہے یا امریکا یا پھر اسرائیل۔ اس میں کوئی ابہام نہیں کہ پیپلز پارٹی پاکستان کو معاشی طور پر اندر سے تباہ کر رہی ہے۔ پیپلز پارٹی خود کو ایک جمہوری پارٹی کہلواتی ہے لیکن جمہوریت کے نام پر جو کررہی ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے، اگر کوئی غیر جمہوری قوت اس نام نہاد جمہوری حکومت کی چھٹی کرے تو ہم کیوں مٹھائی نا بانٹیں، ایسی جمہوریت پر لعنت بھیجتے ہیں جس میں پانی ، دوائیں اور تعلیم نہ ملے، لوگ بے روزگار ہوں، نسل کشی کی جائے۔