ہرسطح کے الیکشن اپنے نام اور انتخابی نشان ترازو سے لڑینگے،لیاقت بلوچ

201

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیا قت بلوچ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی ہر سطح کے انتخابات اپنے نام ا ور انتخابی نشان’’ ترازو‘‘ سے لڑے گی۔ترازو کے نشان پر 50لاکھ ووٹ اکٹھا کرنا ہمارا ہدف ہے۔ 2023ء کا انتخابی مرحلہ شروع ہوچکا۔ کارکن پوری صلاحیت سے کام کریں۔ صاف شفات اور غیر جانبدارانہ انتخابات وقت کا اہم تقاضا ہے۔ لیڈر شپ ٹریننگ ورکشاپ کا اصل ہدف اس وقت پورا ہوسکتا ہے جب ہم اپنا کام بروقت اور ٹھیک انداز میں کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے زیر اہتمام مری میں ہونے والی لیڈر شپ ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ سے محمد جاوید قصوری اور بلال قدرت بٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہمار ااصل ہدف پورے ملک کے حلقہ جات میں زیادہ سے زیادہ امیدوار کھڑے کرنا ہے۔ عوامی مسائل پر جماعت اسلامی کے سوا کوئی جماعت آواز نہیں اٹھاتی۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جماعت اسلامی اپنی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لے گی، اس حوالے سے یکسوئی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر جماعت کا بیانیہ مختلف ہوتا ہے۔ ہمارے پیش نظر اسلامی حکومت کا قیام ہے۔ انتخابات 2023ء کا انتخابی مرحلہ شروع ہوچکا ہے، ارکان جماعت ، کارکنان اور ذمے داران کو اپنی بھر پور صلاحیتیوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قومی انتخابات اور اس میں ہماری ترجیحات کے حوالے سے آگاہی بہت ضروری ہے۔ ہمارا بنیادی کام دین کی دعوت کو پھیلانا اور اللہ کو راضی کرنا ہے۔ آج کے حالات میں نظریاتی بنیادوں پر چلنا مشکل ترین بن چکا ہے۔ قومی سیاست میں بد تہذیبی اور بد کلامی بڑھتی جارہی ہے اوراس میں قومی قیادت کی جانب سے بیان بازی آگ پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سیاست کو پنجاب کنٹرول کرتا ہے۔آزاد کشمیر کی سیاست بھی پنجاب کے ساتھ جڑی ہوئی ہے جس پارٹی کی حکومت پنجاب میں ہوگی ،آزاد کشمیر بھی اسی جماعت کی جھولی میں ہوگا۔ ہمیں لوگوں کے عمومی رویے کو پیش نظر رکھنا ہوگا۔ جماعت اسلامی 80 سال سے ملک میں اسلامی نظام کی جدوجہد کررہی ہے۔ ہمارا سلوگن اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان ہے۔ ذمے داران بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنی تیاریوں کو جلد از جلد مکمل کرلیں۔ ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم مرتب کی جائے۔ ایک حلقے میں25فیصد گھرانوں تک پہنچنے کی کوشش کی جائے۔ امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ہم اپنے نام ، انتخابی نشان اور پرچم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ کنٹونمنٹ بورڈ کی تعداد وسطی پنجاب میں 5ہے۔ 144صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں سے79 ، قومی اسمبلی کی 66 میں سے 29نشستوں کی تجاویز مرکزی پارلیمانی بورڈ کو پیش کردی گئی ہیں۔ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے، اس میں موروثیت اور خاندانوں کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔