مبشر کھوکھر کو بھائی‘ چچا کے خون کا بدلہ لینے کیلیے قتل کیا، ملزم کا انکشاف

129

لاہور (نمائندہ جسارت) پولیس نے صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی کے قتل کے ملزم کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرلیا، ملزم ناظم نے سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ چچا اور بھائی کے خون کا بدلہ لینے کیلیے مبشر کھوکھر کو قتل کیا، ایک شخص کے قتل میں 8 سال جیل کاٹ کر آیا ہوں، تھانہ ڈیفنس سی میں مبشر کھوکھر کے قتل کا مقدمہ ملزم ناظم کے خلاف دفعہ 302، 324 اور 34 کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب مقتول ملک مبشر کی نماز جنازہ ان کے آبائی گائوں مانووال چوہنگ لاہور میں ادا کردی گئی جس میں عزیز و اقارب سمیت اہم سیاسی اور سماجی شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی۔ بعد ازاں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں بھائی کے قتل کی وجہ سے ملک اسد کھوکھر کے بطور وزیر حلف برداری کی تقریب ملتوی کر دی گئی ہے، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔