کے پی ایل‘ مظفرآباد ٹائیگرزکے ہاتھوں اوورسیز واریئرز کو شکست

132

مظفرآباد (وزیر علی قادری)اوورسیز واریئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو سہیل تنویر نے اپنی ٹیم کو ابتدا میں کامیابی دلوادی۔ ناصر نواز نے 35 اور حیدر علی نے 25 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالا اور پھر کپتان عماد وسیم نے بھی 34 رنز بنا ڈالے۔ اختتامی اوورز میں سہیل خان نے برق رفتار26 رنز بناتے ہوئے اوورسیز واریئرز کو 153 کا مجموعہ دلوادیا۔لیگ اسپنر اْسامہ میر نے3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ارشد اقبال نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ملک نثار اور ذیشان اشرف نے مظفرآباد ٹائیگرز کو مثبت آغاز فراہم کیا لیکن کامران غلام نے ذیشان اشرف اورکپتان محمد حفیظ کو10 رنزپرڈھیر کرکے واریئرز کی امیدوں کو روشن کیا لیکن ایک جانب صہیب مقصود نے38 بالز پر52 رنز کی اننگز کھیلی جس میں4 چوکے اور2 چھکے شامل تھے، تودوسری جانب سہیل اختر نے صرف24 گیندوں پر7 چوکے اور3 چھکے لگاتے ہوئے 58 رنز بنا ڈالے۔ دونوں بیٹسمین ناقابل شکست رہے اور مظفرآباد ٹائیگرز نے 18ویں اوور میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔