حادثات میں 2 بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق

197

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر میں حادثات واقعات میں 2کم سن بچوں اورخاتون سمیت 11 افراد جاںبحق ہوگئے ،دیگر واقعات میں 4افراد زخمی ہوئے۔تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر 11A صدیق اکبر مسجد کے قریب گھر کے قریب سے 20 سالہ صداحسین ولد سونوخان کی تشددزدہ لاش ملی ،پولیس کے مطابق مقتول کو گولی مار کر قتل کیا گیا تاہم تفتیش کا آغا ز کر دیاگیا۔ نارتھ کراچی صنعتی ایریا تھانے کی حدود خمیسو گوٹھ سیکٹر 5ایف میں نامعلوم افراد کی فائر نگ سے 48سالہ فاطمہ جاں بحق ہوگئی ، پیر آباد کے علاقے قصبہ کالونی ڈھائی نمبر نیو میانوالی کالونی میں آگ سے جھلس کر 2 کمسن بچے جاں بحق ہوگئے ۔اس حوالے سے سابق ناظم اورنگزیب نیازی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے دونوں بچوں نے اسکندر شاہ مزار سے متصل آستانے میں لنگر کی دیگوں کے لیے موجود لکڑیوں کو آگ لگائی دی تھی جو اچانک بھڑک گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے قریب کچرا کنڈی تک پہنچ گئی ۔ جس کے نتیجے میں 4 سالہ محمد شاہ ولد سید اسلام شاہ اور 5 سالہ محمد حسین ولد محمد عامر جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کر دیا ہے۔۔نصیر آباد بلاک 16 کے قریب مین روڈ سے 50سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی۔ شاہراہ فیصل کے علاقے عوامی مرکز کارساز کے قریب ٹریفک حادثے میں سی ٹی ڈی اہلکار ملک آصف اعوان جاں بحق ہوگیا ۔سہراب گوٹھ سجن کانٹے کے قریب ٹریفک حادثے میں 40سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی ۔جاں بحق ہونے والی خاتون کو ایمبولینس کے ذریعے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفیہ کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ۔گلشن حدید گاڑی سے ایک شخص کی لاش ملی ،لاش 7روز پرانی معلوم ہوتی ہے تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آسکے گی۔نصیرآباد بلاک 16 کے قریب سے بھی ایک 50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے۔بلدیہ نمبر 4 اللہ والی مسجد کے قریب کارخانے میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے2 مزدور15سالہ حسنین ولد نوید ، 22تنویر ولد شریف جاں بحق ہوگئے ،علاوہ ازیں منگھوپیر تھانے کی حدود ناردرن بائی پاس زیبو گوٹھ کے قریب فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملز م کو گرفتار کر کے پستول تحویل میں لے لیا ، گلشن معمار محلہ حسین بروہی میںایک شخص نے خنجر کے وار کر کے ایک خاتون کو زخمی کر دیا ،ملزم کو خنجر کے ساتھ گرفتار کر کے مزید کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کر دیاگیا۔