لاہور: وی وی آئی پیزکی موجودگی میں سیکیورٹی چیکنگ فیل، ملزم اسلحہ کیسےلایا؟ تفتیش جاری

531

لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی موجودگی میں تقریب میں نامزد صوبائی وزیر ملک اسد کھوکھر کے بھائی ملک مبشر کھوکھر کے قتل نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی سیکیورٹی پر سوال اٹھا دیئے ہیں جبکہ صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی کے قتل کے ملزم ناظم سے ابتدائی تفتیش میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئےہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے علاقے میں صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی کے قتل کے ملزم ناظم نے ابتدائی تفتیش میں پولیس کو بتایاہے کہ شادی کی تقریب میں سوا آٹھ بجے آ گیا تھا لیکن سکیورٹی نے چیک ہی نہیں کیا، تقریب میں مہمانوں کے ساتھ ہی جا کر بیٹھ گیا تھا،  اسد کھوکھر اور ان کے بھائی مبشر دو مرتبہ میرے پاس سے گزرے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار تقریب سے واپس جانے لگے تو تینوں بھائی ساتھ تھے، میں وزیر اعلیٰ کے پیچھے پیچھے مارکی سے باہر آگیا، وزیراعلیٰ گاڑی میں بیٹھے تو آگے بڑھ کر مبشر پر فائر نگ کر دی، جس پسٹل سے فائر کیا وہ لائسنس والا ہے اور چالیس ہزار کا خریدا تھا۔ ملزم نے انکشاف کیا کہ مبشر میرے بھائی بلے کے قتل میں ملوث تھا، بدلے میں قتل کی منصوبہ بندی میں نے خود کی۔

پولیس نے مبشر کھوکھر کے قتل کا مقدمہ گرفتار ملزم ناظم کے خلاف مقدمہ 302، 324 اور دفعہ 34 کے تحت درج کرلیا ہے، جس کے مطابق شادی کی تقریب جاری تھی کہ ملزم نے حملہ کر دیا، فائرنگ سے مبشر ہلاک اور ایک مہمان زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب مقتول کا جنرل اسپتال میں پوسٹ مارٹم بھی مکمل ہوگیا جس کے مطابق مقتول کو قریب سے ایک ہی گولی لگی ،جو آر پار ہو گئی جبکہ بائیں آنکھ پر لگنے والی گولی سر کے عقب سے نکل گئی،  لاش کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

فائرنگ کا واقعہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے تقریب سے نکلنے سے چند ہی لمحات بعد پیش آیا جبکہ ملزم اپنے ہدف کے گرد موجود رہا لیکن کسی کو شک تک کیوں نہ ہوا؟ وی وی آئی پی شخصیت کی موجودگی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کیوں نہیں تھی؟ 5 افراد اسلحے کے ساتھ تقریب میں کیسے داخل ہو گئے؟ ایک ملزم پکڑا گیا، باقی فرار کیسے ہو گئے؟

وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آئی جی کو واقعے کی تحقیقات کر کے غفلت کے ذمے داروں کا تعین کرنے اور سیکیورٹی انتظامات سے متعلق جامع انکوائری کی ہدایت کر دی ہے جبکہ اس واقعے نےپنجاب پولیس اور  سیکیورٹی کے عملے کی ناقص کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔