مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی بنائے جانے پر مبارکباد

96

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے جام خان شورو، ساجد جوکھیو، گیان چند ایسرانی، سید ضیاء عباس شاہ کو سندھ کابینہ میں شامل کیے جانے، صوبائی وزیر بنانے اور مرتضیٰ وہاب کو میونسپل کارپوریشن کراچی کا ایڈمنسٹریٹر بنائے جانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری سمیت پارٹی قائدین کے اس فیصلے کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی میں نئے وزراء کی شمولیت اور معاون خصوصی سمیت وزیراعلیٰ کے مشیروں کی تقرری سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ جام خان شورو پہلے بھی صوبائی وزیر بلدیات رہ چکے ہیں اس وقت بھی انہوں نے بلدیاتی اداروں کو مستحکم کیا ، شہری اور دیہی علاقوں میں بلاامتیاز اور بلاتفریق ترقیاتی کام کروائے اور اب بھی اپنی نئی ذمے داریاں احسن طریقے سے انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری پارٹی ہے اور عوام کی فلاح وبہبود اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے تمام تر اقدامات کرنے کو تیار ہے۔