حیدرآباد ،نادرا کے سامنے سیوریج کا پانی جمع،صارفین کو مشکلات

242

 حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) نادرا برانچ قاسم آباد کے سامنے گٹروں کا پانی جمع، گندگی اور کیچڑ کے سبب شناختی کارڈ اور ویکسین سرٹیفکیٹ بنوانے کے لیے آنے والوں کو سخت دشواری کا سامنا، نادرا دفتر جانے والی سڑک کئی سال سے کھنڈر بنی ہوئی ہے۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی قاسم آباد سمیت ایکسیئن واٹر سپلائی قاسم آباد اور دیگر اہم دفتر ہونے کے باوجود اس سڑک کو قاسم آباد انتظامیہ بنوانے کے لیے تیار نہیں۔ نادرا دفتر کے سامنے ناکارہ ڈرینج نظام ہونے کی وجہ سے کئی سال سے گٹر کا گندا پانی جمع ہونے سے بدبو اور تعفن پھیلنے لگا ہے۔ قاسم آباد نادرا کے اندر شناختی کارڈ کی مد میں عوام ہزاروں روپے ادا کرتے ہیں، پر نادرا دفتر پہنچتے ہی ایسا لگتا ہے جیسے قاسم آباد ڈرینج ڈسپوزل کنویں پر موجود ہیں۔ نادرا قاسم آباد میں ایئر کنڈیشن بھی ناکارہ بنے ہوئے ہیں۔ عوام کے لیے پینے کے پانی اور زنانہ بیت الخلاء کی سہولت بھی دی جائے۔ یہ بات آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے صوبائی اطلاعات سیکرٹری شاہد سومرو اور آفس سیکرٹری سرفراز علی راجپوت اور دیگر نے قاسم آباد نادرا دفتر کے باہر عوام سے شکایت سنتے ہوئے کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا قاسم آباد کے آگے گٹر کا پانی جمع رہنا روز کا معمول بن چکا ہے۔ مین ہول کھلے ہوئے ہیں اور بارش میں تو کئی ماہ پانی کھڑا رہتا ہے۔ انہوں نے کمشنر حیدرآباد ڈویژن عباس بلوچ اور ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے مطالبہ کیا کہ نادرا دفتر کے باہر سے سیوریج کا پانی فوری ختم کرایا جائے۔