لاکر میں نقلی زیورات رکھنے والابینک منیجراورساتھی گرفتار

150

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) گلستان جوہر میں نجی بینک کے مینیجر نے دیگر ملازمین کے ہمراہ کروڑوں روپے مالیت کے زیورات کی جگہ لاکر میں نقلی زیورات رکھ دیے جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے مینیجر سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق گلستان جوہر موڑ کے قریب واقع نجی بینک کے ملازمین نے اپنے 28 کلائنٹ کے 55 کروڑ قرض کے بدلے رکھے گئے زیورات تبدیل کردیے۔پولیس کا کہناہے کہ شہریوں کے زیورات میں جعلسازی کا انکشاف ہیڈ آفس سے آنے والی آڈٹ ٹیم کی چیکنگ پر ہوا، 55 کروڑ روپے قرضے کے عوض شہریوں کے زیورات سیل بیگز میں لاکر میں رکھے گئے تھے جب کہ دوران چیکنگ 50 بیگز میں اصل کے بجائے سونے کا پانی چڑھے پیتل کے زیورات موجود تھے۔پولیس کے مطابق اب تک 233 میں سے 150 لاکرز چیک کیے جاچکے ہیں جن میں موجود زیورات نقلی ثابت ہوئے ہیں۔جنرل مینیجر ہیڈ آفس کی تحریری شکایت پرشاہراہ فیصل تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا اور پولیس نے بینک کی ایک خاتون افسر سمیت 5 افرادکوگرفتارکرلیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے جب کہ دیگر ملازمین سے بھی تفتیش کی جائے گی۔ لاکر سے ایک لاکھ ڈالر چوری کا مقدمہ سینیئر بینک منیجمنٹ کیخلاف درج کیا گیا ہے