مرتضیٰ وہاب نے چارج سنبھالتے ہی ڈی جی باغات کو فارغ کردیا

200

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی کے نئے غیر منتخب سیاسی ایڈمنسٹریٹر مرتضی وہاب نے جمعہ کو عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ اپنی ذمے داریاں سنبھالتے ہی انہوں نے سب پہلے کے ایم سی کے تمام محکموں کے سربراہان کے تعارفی اجلاس کی صدارت کی بعد ازاں میٹروپولیٹن کمشنر دانش سعید اور سینئر ڈائریکٹر ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ (ایچ آر ایم ) ڈاکٹر ایس ایم فاروق کے ساتھ اجلاس کرتے ہوئے محکمہ باغات کے سینیئر ڈائریکٹر آفاق مرزا کو عہدے سے برطرف کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے آفاق مرزا کو محکمہ ایچ ار ایم کو رپورٹ کرانے کی ہدایت کی۔ قبل ازیں ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے تمام افسران سے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے ” گیم پلان” کی بابت رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سٹی وارڈنز سڑکوں پر نظر آئیں یہ روشنیوں کا شہر ہے میں خود دفتر میں بیٹھوں گا نہ ہی گھر پر بلکہ سڑکوں پر کام کرتا نظر آؤں گا،انہوں نے کہا کہ شہر میں مسائل کا انبار ہے لیکن انہیں حل کرنے کے لیے شہریوں کے تعاون کی بھی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ شہر میں پابی کا ایک بہت بڑ ا مسئلہ ہے پانی کا شارٹ فال ہے جو فوری حل نہیں ہوسکتا واٹر بورڈ میرے پاس نہیں لیکن شہری ادارہ ہے ان سے بات کریں گے، کچھ علاقوں میں 7 دن پانی آتا ہے کہیں ایک دن بھی نہیں آتا، ہمیں چاہئے کہ لوگوں کی ذہن سازی کریں اور بہتری کی راہ نکالیں، اجلاس میں شریک افسران کے مطابق اپنے پہلے اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر مرتضی وہاب نے ویکسنیشن کرانے کے بارے میں بھی افسران سے دریافت کیا۔ ایڈمنسٹریٹر نے افسران کو ہدایت کی کہ ماضی کا ذکر بھلاکر ہمیں آگے بڑھنا ہے کراچی میرا اور آپ سب کا شہر ہے میرے والدین خصوصاً والد وہاب صدیقی کراچی کی گلیوں میں کھیل کود کر بڑے ہوئے ہیں جبکہ والدہ فوزیہ وہاب اس کے ایم سی کی کونسل ممبر بھی رہیں، ” میں 1994 میں پہلی بار امی کے ساتھ اس بلدیہ کی عمارت میں آیا تھا “۔ پرانی سبزی منڈی کے سامنے واقع الہلال سوسائٹی میں میرا بچپن گزرا ہے۔ اب ہم سب کو مل کر کراچی کا قرض اتارنا ہے۔