شادی کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے پر دلہن کا شادی سے انکار

426

اترپردیش: بھارت میں شادی کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے پر دلہن نے شادی سے انکار کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں دلہا کے مہمانوں کی جانب سے جشن منانے کے دوران فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دلہن کے چچا زخمی ہوگئے، فائرنگ سے چچا کے زخمی ہونے پر 22 سالہ دلہن ارم نے شہزاد نامی دلہے کے ساتھ شادی سے انکار کردیا۔

دلہن نے کہا کہ میں اس شخص سے شادی کیسے کرسکتی ہوں، باراتیوں نے میرے خاندان کے ساتھ اس طرح کا برتاؤ کیا جب میں ان کے ساتھ جاؤں گی تو یہ میرے ساتھ کیسا رویہ اختیار کریں گے۔

شادی سے انکار کے بعد دلہن کے گھر والوں نے دلہا کی گاڑی توڑ دی، دلہے کے رشتے داروں کی پٹائی کی اور انہیں کچھ دیر کے لیے یرغمال بنالیا۔ بعد ازاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پایا اور واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والوں کی شناخت کے لیے تقریب کی ویڈیو فوٹیج حاصل کی جارہی ہے، دلہا شہزاد، اس کے بھائی پپو اور سانو کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے چچا کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔