کندھکوٹ، کچے میں پولیس کا آپریشن، دو مغوی بازیاب

202

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت)کندھکوٹ کے کچے میں پولیس کا آپریشن، سید برادری کے 2 مغوی بازیاب کرانے کا دعویٰ، ڈاکو گرفتار، متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا۔ کندھکوٹ کے کچے درانی مہر اور جنگن تھانہ کی حدود میں ایس ایس پی امجد شیخ کی نگرانی میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، بھاری مشینری سے سیکڑوں اہلکاروں کا آپریشن، دوران آپریشن پولیس نے دعویٰ کیا کہ دو ہفتے قبل تعویذ دینے کے بہانے دھوکے سے بلا کر سید برادری کے محمد پناہ شاہ اور ظفر شاہ کو بازیاب کروا کر ایک ڈاکو نبی بخش سبزوئی کو ہتھیاروں سمیت گرفتار کیا ہے۔ آپریشن کے دوران راکٹ لانچروں کا بھی استعمال کیا گیا۔ بازیاب ہونے والے دونوں مغویوں کو ورثاء کے حوالے کیا گیا۔ واضح رہے کہ دو روز قبل پولیس نے بازیابی کا دعویٰ کیا تھا۔ گزشتہ روز ورثاء نے مغوی بازیاب نہ ہونے پر احتجاج کیا تھا۔ جبکہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مغویوں کی بازیابی تاوان دینے کے بعد عمل میں آئی ہے۔ مغویوں کی واپسی پر ان کے گھروں میں خوشی کا ماحول بن گیا۔ کافی عرصے سے کچے میں ڈاکو دھوکے سے غریب افراد کو بلانے کے بعد اپنے پاس قیدی بنا کر ورثاء سے تاوان طلب کرتے ہیں، خاص کر کے نسوانی آواز میں عشق کے چکر میں پھنسا کر شادی کرنا، گاؤں میں مکینکوں سے کام کروانے سمیت مختلف طریقوں سے مزدوروں کو بلوا کر اغوا کیا جارہا ہے۔