اندرون سندھ ، پولیس کے شہدا کے اعزاز میں تقریبات کا انعقاد

113

ٹنڈوآدم، کندھکوٹ، ٹنڈوالٰہیار ، میرپور خاص ، جھڈو، لاڑکانہ (نمائندگان جسارت) یوم شہداء پولیس کے موقع پر ٹنڈوآدم پولیس کے زیر اہتمام شہداء پولیس کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد، اے ایس پی ٹنڈوآدم کی ایس ایچ اوز طفیل بھٹو، ذوالفقار پائی، صالح کوری، وسیم کے ہمراہ شہداء سندھ پولیس کی یادگار پر سلامی، شہداء سندھ پولیس ہمارا فخر ہیں، شہیدوں کی لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اے ایس پی ٹنڈوآدم ڈاکٹر ایاز حسین جتوئی۔ یوم شہداء پولیس کے موقع پر اے ایس پی ٹنڈوآدم کی جانب سے یادگار شہداء اور شہیدوں کی قبروں پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ ٹنڈوآدم پولیس کے زیر اہتمام شہداء پولیس کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر پولیس افسران، شہداء پولیس کے اہل خانہ و ورثاء، انجمن تاجران کے اقبال بھٹی، نوشاد شیخ ، حبیب خان ، قدیر مغل، سول سوسائٹی کے رہنماؤں عمران غوری، نثار خان مہمند، مونسپل آفیسر سعادت نور خان و نمائندگان ، صحافی رہنما، وکلا برادی، ڈاکٹرز اور مختلف سماجی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ پولیس سانگھڑ کی جانب سے شہداء کو گارڈ آف ہانر پیش کیا گیا۔ اے ایس پی ٹنڈوآدم ڈاکٹر ایاز حسین جتوئی نے اس موقع پر کہا کہ آج کا دن منانے کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ اپنے شہیدوں کے ورثاء و لواحقین کو یہ باور کرایا جائے کہ ہم ان کے ساتھ کندھا ملائے کھڑے ہیں۔ اے ایس پی ٹنڈوآدم کی جانب سے شہداء کے ورثاء میں تحائف تقسیم کیے گئے۔ بعد ازاں یوم شہداء کے موقع پر اے ایس پی ٹنڈوآدم ڈاکٹر ایاز حسین جتوئی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن یوم شہداء کے طور پر پورے ملک میں منایا جارہا ہے، اس دن کے کچھ مقاصد ہیں جو کہ ان کے ورثاء کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم انہیں بھولے نہیں ہیں، جبکہ ہم نے جرائم پیشہ عناصر کو بھی یہ پیغام دینا ہے کہ، ہم ان کی بیخ کنی کے لیے اسی ولولے کے ساتھ میدان میں موجود ہیں، جس ولولے اور بہادری کے ساتھ ہمارے شہید ساتھیوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ آج کا دن ہمیں سندھ پولیس کے ان بہادر جوانوں اور جانبازوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنی جانیں عوام کے جان و مال کے دفاع کی نذر کردیں اور اپنے لہو سے ایثار و قربانی کی تابندہ تاریخ رقم کی۔ قوم کے کل کی خاطر اپنا آج قربان کردینے والے یہ “عظیم فرزند” ہمارے محسن ہیں۔ ان شہیدوں کا مقدس لہو ہمیشہ سندھ پولیس کے جوانوں و افسروں کے دلوں میں جرائم کے خاتمے اور عوام کے جاں و مال کے دفاع کے عزم کو زندہ رکھے گا۔ ان شاء اللہ شہداء کے اہلخانہ کی دیکھ بھال ہمیشہ ہماری ترجیح رہے گی۔