بدین، غلط آپریشن سے نوجوان جاں بحق ورثا کا نعش کے ساتھ احتجاج

117

بدین (نمائندہ جسارت) نجی اسپتال میں مبینہ غلط آپریشن کے دوران نوجوان فوت، ورثاء کا لاش رکھ کر احتجاج، ڈاکٹر پر غفلت کا الزام۔ بدین ضلع کے نواحی شہر نندو شہر کے ملحقہ گاوں بقا نہڑیو کا 22 سالہ نوجوان گیاچند کولہی بدین کے نجی اسپتال مبینہ غلط آپریشن کے دوران فوت ہوگیا، جس کے بعد مقتول کے ورثاء نے سیشن کورٹ روڈ بائی پاس نجی اسپتال کے سامنے لاش سڑک پر رکھ کر دھرنا دیا۔ اس موقع پرمقتول کے باپ نے کہا کہ بیٹے کو چند دن پہلے ایک معمولی سی تکلیف تھی، اس کو علاج کے لیے ڈاکٹر نواز تالپور کے پاس داخل کروایا، ڈاکٹر نے کہا کہ گردوں کا مسئلہ ہے، اس کا فوری آپریشن ہوگا، ڈاکٹر نے بھاری فیس وصول کر کے آپریشن شروع کیا، آپریشن کے بعد زخم مزید بڑھ رہے تھے، ہم نے ڈاکٹر کو بار بار مطلع کیا کہ مریض صحتیاب نہیں ہورہا، ہمیں دوسرے اسپتال میں منتقل کردیں، لیکن ڈاکٹر نے دوسری مرتبہ آپریشن کرکے بھاری فیس وصول کی، جس کے بعد نوجوان کی طبیعت مسلسل خراب ہوتی گئی۔ ڈاکٹر نے ہمیں دوسرے اسپتال میں جانے کا لیٹر دیا کراچی پہنچنے سے قبل نوجوان راستے میں ہی فوت ہوگیا۔ ورثاء نے ڈاکٹر پز مبینہ غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر کی لاپروائی اور غفلت کی وجہ سے نوجوان فوت ہوگیا، ڈاکٹر کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ احتجاج کے دوران انتظامیہ نے باہمی مشاورت کے بعد نوجوان کے ورثاء کو اخراجات ادا کیے جس کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔