وزیراعظم کی ترجیح مہنگائی نہیں سندھ حکومت کو قابو کرنا ہے‘ مرتضیٰ وہاب

105

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیراعظم لوگوں کو ریلیف دینے سے متعلق میٹنگ کریں ،آپ کی ترجیح مہنگائی نہیں حکومت سندھ کو قابو میں کرنا ہے، وفاقی حکومت کراچی کا ٹیکس معاف کرے۔ترجمان سندھ حکومت نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سندھ کو ابھی تک این سی او سی سے 89 لاکھ ویکسین ملی ہیں، کوئی بھی ملک اس وقت صوبائی حکومت کیساتھ ڈیل نہیں کررہا ،وفاق کیساتھ کررہا ہے، کوئی بھی بین الاقوامی ادارہ صوبائی حکومت کیساتھ ڈیل نہیں کررہا، اگر وفاق ہمیں ویکسین خرید کر دیتا ہے تو ہم ادائیگی کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں اگرڈیڑھ لاکھ افراد کو ویکسین لگ رہی ہے تو اسے منیج کرنا مشکل ہوتا ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان بھر میں کورونا کی شرح 9 فیصد تک پہنچ گئی ہے، کچھ لوگ کہتے تھے سندھ حکومت غلط فیصلے کررہی ہے، ہم کہتے تھے بروقت فیصلے نہ کیے تو ڈیلٹا ویرینٹ آگ کی طرح پھیل سکتا ہے، کچھ لوگوں کاکام صرف تنقید کرنا اور سندھ حکومت کی سیاسی چائنا کٹنگ کرنا ہے، سندھ حکومت عوام کو بچانے کے لیے متحرک طریقے سے کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں مزید ویکسی نیشن سینٹر کھول رہے ہیں، 24 گھنٹے میں سندھ میں 2 لاکھ 90 ہزار لوگوں نے ویکسین لگوائی ، 6،7روزقبل لوگ ویکسین لگوانے نہیں جارہے تھے، ویکسی نیشن کی تعداد 50 ہزار سے بڑھا کر تقریباً 3 لاکھ تک پہنچائی ہے۔ترجمان سندھ حکومت نے بتایا کہ کراچی میں 24 گھنٹے میں ڈیڑھ لاکھ لوگوں نے ویکسین لگوائی، کراچی کے ضلع جنوبی میں سب سے زیادہ لوگوں نے ویکسین لگوائی، ہمارا آج ویکسین لگانے کا ٹارگٹ 3 لاکھ سے زیادہ ہے، کراچی میں 12 موبائل ویکسین وین کام کررہی ہیں۔ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ بھارت نے اپنے مذموم مقاصد کے لیے کشمیر کو بند کیا ہوا ہے، کشمیریوں پر مظالم کی بھرپور طریقے سے مذمت کرتے ہیں، ان شا اللہ کشمیر بنے گا پاکستان۔