عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی دہشتگردی بے نقاب کریں،شاہ محمود قریشی

125

اسلام آباد(آن لائن+اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہعالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارتی دہشت گردی بے نقاب کریں۔ جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل اوریوتھ پارلیمنٹ پاکستان کے زیر اہتمام ’’یوم استحصال‘‘ کے حوالے سے بین الاقوامی کشمیرپارلیمانی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارت نے مقبوضہ وادی میں ظلم و ستم کی انتہا کر رکھی ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جبری گمشد گیاں، عصمت دری اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عروج پر ہیں، مقبوضہ وادی میں سیاسی عمل کو فوجی طاقت سے روک دیا گیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی واضح خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، سلامتی کونسل میں 5 اگست کے غیرقانونی اقدام پر3 بار مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بات چیت ہوچکی ہے۔ علاوہ ازیںوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت سمیت خطے میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن طریقے سے رہنے کے متمنی ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا معاملہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے آئندہ اجلاس میں رکھیں گے۔یہ بات انہوں نے او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کے 12 رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔