مندر حملے میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے،بلاول

178

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے رحیم یار خان میں ہندو برادری کے مندر میں تخریب کاری کرنے والے عناصر کے عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذہبی رواداری ہمارے خطے کی روایت کا حصہ ہے، عدم برداشت کے مظاہرے ہماری تہذیب کے منافی ہیں۔ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمے داری ہے،جب انتہا پسند مندر پر حملے کررہے تھے تو انتظامیہ کہیں نظر نہیں آئی،ہندو برادری کے افراد کو اپنی عبادت گاہ کی توہین سے نہ صرف ٹھیس پہنچی بلکہ عدم تحفظ کے احساس میں بھی اضافہ ہوا،اگر ہم ملک میں آباد چند فیصد اقلیتی برادری کو تحفظ کا احساس نہیں دے سکتے تو یہ اکثریتی آبادی کے لیے ایک لمحہ فکرہے۔بلاول زرداری نے کہا کہ انتہاپسندوں نے بھونگ میں مندر کو نقصان پہنچا کر قومی پرچم میں اقلیتوں کی نمائندگی کرتے سفید حصے کی بھی توہین کی،انتظامیہ وسیب میں ہوئے دل دہلادینے والے افسوس ناک سانحے کے ذمے داران کو کٹہرے میں لاکر انہیں عبرت کا نشان بنائے۔