قابض فوج کشمیریوں کا جذبہ جہاد سرد نہیں کر سکتی‘ دردانہ صدیقی

38

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ ظالم بھارتی افواج نے گزشتہ نصف صدی سے کشمیر پر فوج کشی کے ذریعے ظالمانہ تسلط قائم کر رکھا ہے، خواتین ماؤں بہنوں کی بے حرمتی اورپیلٹ گن کے ذریعے بچوں کو بینائی سے محروم کرکے جبر اور مظالم کے نئے ریکارڈ قائم کررہا ہے، بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ دفعہ370سی کے تحت کشمیر کی خود مختار حثیت ختم کر کے مستقل غلامی کی زنجیر میں جکڑنے کی کوشش کے طور پر2سال سے جاری بد ترین لاک ڈاؤن کے ذریعے کشمیری مسلمانوں کی مکمل نسل کشی کی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصالِ کشمیر کی مناسبت سے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ بھارت کورونا وائرس جیسی جان لیوا وبا کو بھی کشمیریوں کے خلاف جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرچکا ہے۔انہیں اس جان لیوا وبا کے دوران علاج،خوراک اور دیگر سہولیات سے محروم رکھا گیا، اسی طرح کے دوسرے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کررہاہے۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ بھارتی فوج کی طرف سے مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم بالخصوص عورتوں اور بچوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک پر عالمی برادری ، اقوام متحدہ ،اوآئی سی اور ایمنسٹی انٹرنیشنل اور حکومت پاکستان کی لاپروائی و مجرمانہ خاموشی لمحہ فکر ہے مگر پاکستانی عوام کے دل اہل کشمیر کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔