بھارت برطانوی ر یڈ لسٹ سے خار ج ‘ پاکستان برقرار

147

لندن(صباح نیوز) برطانیہ نے اپنی کورونا ریڈ لسٹ سے بحرین، قطر، یو اے ای اور بھارت کو نکال دیا جب کہ پاکستان بدستور ریڈ لسٹ میں شامل ہے ۔ریڈ لسٹ میں شامل ممالک سے آنے والوں سے قرنطینہ کی مد میں زاید رقم وصول کی جائے گی۔ پاکستان سے برطانیہ جانے والوں کو ہوٹل میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔بھارت میں کورونا مثبت کیسز کی شرح زیادہ ہونے کے باوجود اس کو ریڈ لسٹ سے امبر لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے۔ امبر لسٹ میں موجود ممالک سے آئے مسافروں کو قرنطینہ میں وقت نہیں گزارنا پڑے گا۔ریڈ لسٹ میں شامل ممالک کے مسافروں سے برطانیہ میں قرنطینہ کرنے کے اخراجات پہلے سے بھی زیادہ وصول کیے جائیں گے ۔ نئے اعلامیے کے مطابق 12 اگست سے ایک بالغ شخص کے قرنطینہ کے اخراجات 1,750 سے بڑھ کر 2,285 پاونڈ ہوجائیں گے جب کہ دوسرے بالغ شخص کے لیے 1,430 پاونڈ ادا کرنا ہوں گے ۔برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے حکومتی فیصلے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کو ایوان میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر معظم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ریڈلسٹ سے نہ نکالنے کا معاملہ برطانوی حکومت کے سامنے اٹھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت کو کورونا سے نمٹنے میں پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرنا چاہیے، امید کرتے ہیں برطانیہ اس فیصلے پر غور کرے گا۔