بلوچستان‘مختلف شہروں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلیے ریلیاں

185

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں، مظاہرے اور تقریبات منعقد کی گئیں۔ یومِ استحصال کشمیر پر ریلی گورنر ہاؤس سے نکالی گئی۔ قیادت گورنر بلوچستان ظہور آغا نے کی، ریلی میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو، پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز اور چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا سمیت مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریلی نکالنے کا مقصد اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرنا ہے، پاکستان کا موقف واضح ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مقبوضہ کشمیر کو حق خودارادیت دیا جائے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سلسلہ جاری ہے،متنازع علاقے کی جغرافیائی حیثیت کو تبدیل کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے،کشمیر کی آئینی حیثیت کی منسوخی کے فیصلے کے بعد12ہزار سے زیادہ کشمیری رہنمائوں اور کارکنوں کی جبری گمشدگیاں بھارتی جارحیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں 1 لاکھ سے زائد کشمیری جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جو کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کے لیے سوالیہ نشان ہے۔کوئٹہ کے علاوہ کوہلو ، سبی ، قلات ، جعفر آباد ، ڈیرہ بگٹی ، نصیر آباد ، چاغی ، نوشکی ، خاران ، پشین ، قلعہ سیف اللہ ، قلعہ عبداللہ ، چمن ، لورالائی سمیت تمام اضلاع میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں، جس میں مظاہرے ہوئے اور تقریبات منعقد کی گئیں۔