عوامی نیشنل پارٹی کے مغوی رہنما عبیداللہ کاسی کی لاش برآمد

84

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) عوامی نیشنل پارٹی کے مغوی رہنما عبیداللہ کاسی کی لاش برآمد۔ نا معلوم اغوا کاروں نے رہائی کے بدلے تاوان طلب کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق عبیداللہ کاسی کو26 جون کو شہر کے نواحی علاقے کچلاک سے اغوا کیا گیا تھا۔ ملک عبیداللہ کاسی کی تشدد زدہ لاش گزشتہ روز ضلع پشین کے علاقے سرانان ریلوے پھاٹک کے قریب سے ملی ہے۔ ملک عبیداللہ کاسی اے این پی کی مرکزی کمیٹی کے رکن تھے۔ اے این پی کی جانب سے انکے اغوا پر احتجاج بھی کیا گیا تھا۔ عبید اللہ کاسی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے کوئٹہ منتقل کردی گئی۔ اغوا کاروں نے عبید اللہ کاسی کے اہل خانہ سے رہائی کے بدلے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ یاد رہے اس سے قبل اے این پی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسداللہ اچکزئی کو جرائم پیشہ افراد نے گاڑی سمیت اغوا کیا، جس کے بعد انہیں قتل کیا گیا۔ اسد اللہ اچکزئی کی لاش رواں برس فروری میں کوئٹہ کے علاقے اغبرگ میں قائم کنویں سے ملی تھی جبکہ پولیس نے اسد اللہ اچکزئی کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔