گوادرمیں اسمارٹ پورٹ سٹی کی حکمت عملی تیار کرلی‘جام کمال

230

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں سی پیک اسٹریٹجی ڈرافٹ اور10 ویں جے سی سی اجلاس کے لیے مرتب سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری بلوچستان اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز سمیت دیگر حکام کی شرکت۔ اجلاس میں بریفنگ میں کہا گیا کہ گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی کی ماسٹر پلاننگ مکمل کر لی ہے، پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کا90 فیصد کام مکمل کر لیا گیا، ایسٹ بے ایکسپریس وے کا94 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے اور سی پیک منصوبوں میں شمسی اور ہوا سے توانائی کے منصوبوں کو ترجیح دینا ہوگی۔ اجلاس میں مقامی نوجوانوں کی تربیت، چینی امداد کے ذریعے اسپیشل اکنامک زونز کی ترقی اور دیگر امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔اجلاس کے شرکا نے سفارشات میں کہا کہ وفاقی حکومت گوادر کے راستے وسطی ایشیائی ممالک کو ٹرانزٹ ٹریڈ کی سہولیات کے لیے فریم ورک بنائے جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جانے کی ہدایت کی۔