اسرائیل کے فضائی حملے ، لبنان کا شدید احتجاج

296

بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فضائیہ نے 7 برس بعد پہلی بار ہمسایہ ملک لبنان میں حملے کیے ہیں۔ مسلسل 2دنوں سے راکٹ حملوں کے جواب میں اسرائیلی فوج نے یہ کارروائی کی ہے، جس پر لبنان نے شدید احتجاج کیا ہے۔ اسرائیلی فضائیہ نے جمعرات کے روز ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ آج صبح لبنان سے اسرائیلی سرزمین پر راکٹ فائر کیے گئے۔ مزید کہا گیا کہ ان حملوں کے جواب میں اسرائیلی جیٹ طیاروں نے لبنان میں ان مقامات پر حملے کیے، جہاں سے یہ راکٹ داغے گئے تھے۔ اسرائیلی فضائیہ غزہ میں حماس کو نشانہ بناتی رہتی ہے، جب کہ شامی خانہ جنگی میں اسرائیلی جیٹ طیاروں نے شام میں فعال مشتبہ ایران نواز جنگجوؤں پر بھی حملے کیے ہیں۔ تاہم 2014ء کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے لبنان میں پہلی بار کارروائی کی ہے۔ لبنان کے المنار ٹیلی وژن نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے محمدیہ نامی شہر کے نواح میں 2 حملے کیے۔ لبنان کی طاقتور جنگجو تنظیم حزب اللہ کے زیر سرپرستی چلنے والے اس ٹیلی وژن نے بتایا کہ یہ حملے رات کے وقت کیے گئے۔ لبنان کی سرکاری نیوز ایجنسی نے بھی ان حملوں کی تصدیق کی ہے تاہم اس بارے میں زیادہ تفصیلات جاری نہیں کیں۔ اسرائیلی فوج نے لبنان میں یہ حملے ایک ایسے وقت میں کیے، جب گزشتہ دو دنوں سے لبنانی سرزمین سے اسرائیل پر راکٹ حملے کیے گئے۔ بدھ کو 3راکٹ داغے گئے تھے، جن میں سے دو اسرائیلی سرزمین پر گرے۔ اس حملے کے جواب میں اسرائیلی دفاعی افواج نے جوابی شیلنگ کی تھی۔ اسرائیل نے بارہا خبردار کیا ہے کہ لبنان میں سیاسی بحران کی وجہ سے شمالی سرحدوں کی سیکورٹی پر سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ اسرائیل نے مزید کہا ہے کہ لبنانی سرزمین سے ہونے والے ان حملوں کے لیے بیروت حکومت کو ذمے دار قرار دیا جائے گا اوراس کا سخت جواب دیا جائے گا۔