اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی میں گزشتہ ماہ 7 فلسطینی شہید

198
مقبوضہ مغربی کنارہ: قابض صہیونی فوج الخلیل میں مکانات مسمار کررہی ہے‘ اریحا میں اسرائیلی حکام کے ہاتھوں بے گھر ہونے والے خانہ بدوش پریشان بیٹھے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض اسرائیلی فوج اوریہودی آباد کار گزشتہ جولائی کے دوران مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی شہریوں کے خلاف جرائم اور خلاف ورزیاں کرتے رہے۔ گزشتہ جولائی میں اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 7 فلسطینی شہید ہوئے، جب کہ قابض فوج نے فلسطینی شہریوں کے حقوق کی 3886 بار پامالیوں کا ارتکاب کیا۔ مغربی کنارے میں حماس کے میڈیا آفس کی طرف سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ جولائی کے دوران قابض فوج نے 3886 خلاف ورزیاں کیں۔ اس دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 7فلسطینی شہید ہوئے۔ رپورٹ میں اشارہ کیا گیا کہ شہدا ہیں: محمد فرید حسن ، عبدو یوسف تمیمی ، محمد منیر تمیمی ، یوسف نواف محراب ، شادی عمر سلیم ، محمد معیاد العالمی اور شوکت خالد عواد شامل ہیں۔ قابض فوج کی طرف سے فلسطینیوں پر 206 بار فائرنگ اور آباد کاروں کے 62 حملے کیے گئے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 2140 فلسطینی زخمی ہوئے۔ گزشتہ جون میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 1449 تھی۔ رپورٹ میں شہریوں کے گھروں پر 115 چھاپوں اور مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں 325 دراندازیوں کا اندراج کیا گیا۔ گزشتہ ماہ اسرائیلی فوج کے کریک ڈاؤن میں 406 فلسطینیوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔