بھارت: پہلے مقامی ساختہ طیارہ بردار جہاز کی آزمایش

206
کیرالا: بھارتی بحریہ کا طیارہ بردار جہاز آزمایش کے لیے سمندر میں اتارا جارہا ہے

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کی وزارت دفاع نے اعلان کیا کہ جنوبی شہر کوچی کے ایک شپ یارڈ میں تیار کردہ طیارہ بردار جہاز وِکرنت سمندر میں داخل کردیا گیا ہے۔ بین الاقوامی خبررساں اداروں کے مطابق 40 ہزار ٹن وزنی اور 262 میٹر طویل ’آئی اے سی وکرنت‘ میں طیاروں کی پرواز کے لیے ترچھے ڈیک ہیں۔ یہ جلد از جلد آیندہ سال سے استعمال میں آئے گا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ’’بھارت میں بناؤ‘‘ کے نعرے کے تحت دفاعی ساز و سامان کی مقامی طور پر تیاری کے نام پر اپنے جنگی جنون کی تسکین میں مگن ہیں۔ وکرنت کی اسمبلنگ میں استعمال ہونے والی تقریباً 75 فیصد اشیا بھارت ہی میں تیار کردہ ہیں۔ چین اپنے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کو آگے بڑھاتے ہوئے بحر ہند میں اپنی موجودگی کو تقویت دے رہا ہے۔ چین کی آبدوزیں بھارت کے پڑوسی ملک سری لنکا کی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہو چکی ہیں۔ اسے بہانا بنا کر بھارتی بحریہ طیارہ بردار جہازوں کے علاوہ 40 سے زائد جہاز تیار کر رہی ہے۔ وہ چین کی بحری پیشرفت کو ذہن میں رکھتے ہوئے اپنے مقامی انفرا اسٹرکچر کی مدد سے اپنی بحری قوت کو تقویت دے رہی ہے۔