بیروت: مظاہرین اور پولیس میں تصادم‘84 افراد زخمی

239
بیروت: سیکورٹی فورسز اور مظاہرین میں جھڑپیں ہورہی ہیں

بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) لبنانی ریڈ کراس نے بتایا ہے کہ بدھ کی شب بیروت میں مظاہروں کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہونے والے تصادم میں کم سے کم84 افراد زخمی ہوئے۔ ریڈ کراس نے زخمیوں کی حتمی تعداد جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 زخمیوں کو لبنان کے دارالحکومت کے مرکز سے منتقل کیا گیا ، جب کہ 3 زخمیوں کو جیمیزہ کے علاقے سے منتقل کیا گیا۔ 71 زخمیوں کا جائے وقوع پرطبی امداد فراہم کی گئی۔ بدھ کی شام بیروت بندرگاہ دھماکے کی پہلی برسی کے موقع پر ایک بڑے مظاہرے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ایک سال قبل بیروت بندرگاہ کے ایک گودام میں ہونے والے خوفناک دھماکوں میں 200 سے زائد افراد ہلاک اور ساڑھے 6ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ بدھ کے روز مظاہرے کے دوران تباہ کن دھماکے کے وقت ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ بیروت کی بندرگاہ کے آس پاس مظاہرین اور فوج کے درمیان جھڑپیں اور بھگدڑ مچ گئی۔ دارالحکومت بیروت میں سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ پارلیمان کی عمارت کے سامنے مظاہرین اور سیکورٹی کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مظاہرین نے پارلیمان کے داخلی دروازے پر پتھراؤ کیا اور مرکزی گیٹ کو پار کرنے کی کوشش کی۔