ٹیکساس میں ہول ناک حادثہ‘ 10 تارکین وطن ہلاک

91

آسٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس کے جنوبی حصے میں مہاجرین کی ایک وین حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ وین میں مجموعی طور پر ڈرائیور سمیت گنجایش سے کہیں زیادہ 30 افراد سوار تھے جب کہ اس میں صرف 15 کی گنجایش تھی۔ اس واقعے میں دیگر تمام مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اس وقت پیش آیا جب تیز رفتاری سے سفر کرتی یہ وین سڑک کنارے ایک پول سے جا ٹکرائی۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور اسی سبب ہلاکتوں میں اضافے کا امکان موجود ہے۔ مسافروں کی شناخت مخفی رکھی گئی ہے تاہم یہ بتایا گیا کہ تمام تارکین وطن ہیں۔