نیوزی لینڈ کا 18 سال بعد پاکستان کا دورہ ، ٹیم 11ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گی

356

کراچی(اے پی پی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیو زی لینڈ کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، نیو زی لینڈ کی ٹیم آئندہ ماہ 18 سال بعدپاکستان کا دورہ کرے گی،اس دوران مہمان ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور5 ٹی -20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ پی سی بی سے جمعرات کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔سیریز میں شامل تمام 5 ٹی -20انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، جو 25ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔جہاں سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں رسائی کے لیے اہم ہوں گے تو وہیں 5 ٹی -20انٹرنیشنل میچز بھی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے آئی سی سی ورلڈ ٹی -20رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کا بہترین موقع ثابت ہوں گے۔آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کی فاتح ٹیم نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئندہ سال پاکستان آئے گی ۔ نیوزی لینڈ وہ پہلی ٹیم ہوگی جو پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ کے لیے ترتیب دیے گئے بمپر کرکٹ سیزن 22-2021 میں شرکت کے لیے پاکستان کاد ورہ کرے گی۔ نیوز ی لینڈ کے بعد انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم3 ون ڈے اور3 ٹی -20انٹرنیشنل میچز کھیلنے کراچی پہنچے گی۔آسٹریلیا کو بھی آئندہ سال فرور ی/مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا ہے کہ نیو زی لینڈ کے خلاف سیریز پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ سیزن کا بہترین آغاز ہوگا۔ نیوزی لینڈ نہ صرف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کی فاتح بلکہ ورلڈکپ 2019 کی فائنلسٹ ٹیم بھی ہے۔ وہ آئی سی سی کی موجودہ ورلڈٹی -20رینکنگ میں بھی تیسرے نمبر پرموجود ہے۔ مہمان ٹیم کا دورہ پاکستان شائقین کرکٹ کی توجہ اپنی طرف مبذول کروانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ایک محفوظ اور پرامن ملک ہونے کی دلیل ثابت ہوگا۔