حادثات و واقعات میں سگے بھائیوں اورنومولود سمیت 10 جاں بحق

207

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر میں حادثات و واقعات میں 2سگے بھائیوں اورنومولود بچے سمیت 9افراد جاںبحق ہوگئے ۔دیگر واقعات میں6افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق نیوکراچی سیکٹر 11جے میں ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار 2سگے بھائی 15سالہ حمزہ ولد آصف کھتری اور 5سالہ بلال ولد آصف کھتری جاں بحق ہوگئے ، زیر حراست ٹینکر ڈرائیور نے بتایا کہ میرا نام شکیل ولد امام دین اور عمر20سال ہے، میرا شناختی کارڈ بنا ہواہے لیکن ڈرائیونگ لائسنس نہیں بنا، اس سے پہلے میں نے کوئی ہیوی گاڑی نہیں چلائی، اس گاڑی پر چانس ملا تھا تو آج کل یہ چلا رہا تھا۔ مجھے دونوں بچوں کی موت پر افسوس ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ حادثہ ڈرائیور شکیل کی غفلت کے باعث پیش آیاہے۔ پولیس کے مطابق گلی میں موٹرسائیکل پر مدرسے جانے والے بھائی ٹینکرکی زد میں آگئے ۔ علاوہ ازیں پورٹ قاسم گھگھر پھاٹک عبداللہ گوٹھ کے قریب ٹریفک حادثے میں 2افراد جاں بحق ہو گئے ۔ جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت28سالہ راشدکے نام سے ہوئی۔ دوسرے شخص کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ۔ کورنگی بلال چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں 2افراد جاں بحق ہوگئے۔ لانڈھی مرتضیٰ چورنگی بابر کانٹے کے قریب ٹریفک حادثے کے دوران18سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔ اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود سطان گوٹھ میں گھر سے 12سالہ نادر کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ، پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔حب چوکی چیزل آباد کچراکنڈی سے نومولود بچے کی لاش ملی ۔ جسے ایدھی ہوم سہراب گوٹھ سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ادھر حب چوکی مینار کے قریب سے 70 سالہ شخص کی لاش ملی۔ دوسری جانب کورنگی میں فائرنگ سے30سالہ رمیز زخمی ہوگیا ۔سچل تھانے کی حدود سہراب گوٹھ سپرہائی وے ملک آغا ہوٹل کے قریب پولیس مقابلے کے دوران 25سالہ عرفان ولد دوست محمد کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا ۔ ملزم کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ، ملزم کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی ،کورنگی نمبر2 الحبیب بینک کے قریب گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 25سالہ قاسم ولد طاہر زخمی ہوگیا ،عوامی کالونی تھانے کی حدود کو رنگی سنگر چورنگی پر ٹریفک حادثے میں پولیس اہلکار ساجد مغل زخمی ہوگیا ۔ مزید برآں ڈیفنس اور پاک کالونی میں فائرنگ کے واقعات میں 2افراد زخمی ہوگئے۔