برطانیہ نے نوازشریف کی ویزا توسیع کی درخواست مسترد کردی

145

لندن/اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)برطانیہ نے مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی ویزا میں توسیع کی درخواست مسترد کردی جبکہ نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے ویزے کی توسیع کی درخواست مسترد ہونے کی خبر کو غلط قرار دیاہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق نواز شریف نے برطانوی حکومت سے ویزا توسیع کی درخواست کی تھی۔ قائد ن لیگ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ چونکہ وہ بیمار ہیں، لہٰذا نہیں علاج مکمل ہونے تک برطانیہ میں مزید قیام کی اجازت دی جائے۔ جمعرات کے روز برطانوی حکومت کے متعلقہ ادارے نے نواز شریف کے ویزا توسیع درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں چند روز کے اندر ملک چھوڑنے کی تلقین کی ہے۔بتایا گیا ہے کہ ویزا توسیع کی درخواست مسترد ہونے کے بعد بھی نواز شریف کے پاس 2 آپشنز موجود ہیں۔نواز شریف اب بھی برطانوی حکومت سے ویزا توسیع سے انکار کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کر سکتے ہیں۔ اگر یہ درخواست بھی مسترد ہو جائے تو پھر نواز شریف برطانوی حکومت کے فیصلے کے خلاف عدالت جا سکتے ہیں۔ اگر عدالت سے بھی ان کیخلاف فیصلہ آئے تو پھر انہیں ہر صورت برطانیہ چھوڑنا ہو گا۔ دوسری جانب ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ نوازشریف کے ویزے میںمزید توسیع سے برطانوی محکمہ داخلہ نے معذرت کی ہے ۔ نوازشریف کے برطانیہ میں قیام سے متعلق اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ برطانوی محکمہ داخلہ کے فیصلے میں لکھا ہے کہ محمد نوازشریف اس فیصلے کے خلاف امیگریشن ٹریبونل میں اپیل کرسکتے ہیں ۔ نوازشریف کے وکلانے برطانوی امیگریشن ٹریبونل میں اپیل دائر کردی ہے ۔برطانوی امیگریشن ٹریبونل میں دائر اپیل پر فیصلہ ہونے تک محکمہ داخلہ کا حکم غیرموثر رہے گا ۔اپیل پر فیصلہ ہونے تک نوازشریف برطانیہ میں قانونی طورپر مقیم رہ سکتے ہیں۔