سعودی عرب؛ شاپنگ مال میں گھومنے والا کورونا مریض گرفتار

349

سعودی عرب میں شاپنگ مال میں گھومنے والے کورونا مریض کو گرفتار کر لیا گیا۔

حائل ریجن کی پولیس نے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر شناخت کر کے دو افراد کو گرفتار ‏کیا جس میں ایک کورونا مریض تھا۔

کورونا مریض بلا خوف و خطر شاپنگ مال میں گھوم پھر رہا تھا اور ساتھ ہی ویڈیوز بنا کر سوشل ‏میڈیا پر شیئر کررہا تھا۔

حائل پولیس ریجن کے ترجمان کیپٹن طارق النصار کا کہنا ہے کہ آئیسولیشن کی خلاف ورزی اور ‏لوگوں میں وائرس پھیلانے پر مذکورہ شخص کو ایک سے پانچ برس قید اور پانچ لاکھ ریال تک ‏جرمانہ ہوسکتا ہے۔

حکومت نے یکم اگست سے سرکاری اور نجی اداروں میں ویکسین نہ لگوانے والوں کا ‏داخلہ بند ‏‏کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔

کھیلوں کے مراکز، سینما گھروں، ثقافتی اور تجارتی مراکز میں صرف ویکسین لگوانے والوں کو ہی ‏‏‏داخل ہونے دیا جائے گا۔

تعلیمی اداروں کے لئے بھی یہی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے ‏‏‏توکلنا ایپ ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہری توکلنا ایپ پر اپنی ویکسین سے متعلق ‏‏اسٹیٹس دکھائیں گے۔