امریکہ میں کورونا کے وار جاری، عوام شدید خوف میں مبتلا

300

واشنگٹن: امریکا میں کرونا وبا میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے، جس کے باعث امریکی عوام شدید خوف کا شکار ہونے لگے ہیں جبکہ امریکہ میں کورونا وائرس سے بے گھرلوگوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

بین الاقوامی  میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا بھر میں کورونا وائرس کی نئی وبا تیزی سے اپنے پنجے گاڑھ رہی ہے، جس کے باعث امریکی عوام اسپتالوں میں داخلےاور اموات میں اضافے کی وجہ سے خوف کا شکار ہونے لگے ہیں۔

بی بی سی کی جانب سے شائع کردہ ایک مضمون میں کہا گیا ہے کہ بہت سے امریکی شہری زیادہ ہچکچاہٹ، خوف اور مایوسی کے ساتھ سرد موسم اور اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کی توقع کر رہے ہیں جبکہ ایک مقامی باشندے نے کہا کہ اگر ایک لفظ میں کہوں تو میں پریشان ہوں،عالمی وبا کو سیاست زدہ اور غیر منظم کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ورجینیا نے مسلسل دوسرے دن ایک ہزار کورونا کیسز رپورٹ ہوئےہیں اور اس سے قبل تین ماہ کے دوران سوائے ایک دن کے ایک ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

دوسری جانب ویکسی نیشن کے بعد بھی دنیا بھر میں کورونا کے وار تیز ہوگئے ہیں، پاکستان اس وقت کورونا کی چوتھی لہر سے نبردآزما ہے جبکہ ایران، افغانستان، بنگلہ دیش سمیت بھارت میں بھی کورونا کے کیسز میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔

انڈونیشیا میں بھی کورونا کے باعث صورت حال ابتر ہے،  اسپتال مکمل طور پر کورونا مریضوں سے بھر چکے ہیں اور  صورت حال اس قدر بھیانک ہے کہ مریضوں کو مصنوعی سانس لینے کے لئے آکیسجن سلنڈر تک دستیاب نہیں ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں میں گزشتہ روز وبا کے 1075 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، متحدہ عرب امارات میں پچھلے 24 گھنٹے میں کورونا کے ایک ہزار 548 نئے کیسز سامنے آئےہیں۔