کشمیری عوام کے ساتھ پاکستانی قوم آج اظہار یکجہتی منائے گی

243

سری نگر: بھارت کے غیر قانونی قبضے، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور مقبوضہ وادی چنار کے فوجی محاصرے کو دو سال مکمل ہونے پر مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستانی قوم آج یوم استحال منائے گی جبکہ آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

قوم مظلوم کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کیلئے آج یوم استحصال منائیگی

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق  سری نگر کنٹرول لائن کے دونوں اطراف، پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ منائیں گے جس کا مقصد 2019 ء میں اس دن مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے کیے گئے غیر قانونی اقدامات کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔

سری نگر میں شام آٹھ سے ساڑھے 8بجے تک بلیک آؤٹ کیاجائے گا جوکل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے جاری احتجاجی کیلنڈر کے تحت اس دن سے شروع ہونے والے عشرہ مزاحمت کاحصہ ہوگاجبکہ  آج لال چوک کی طرف مارچ بھی کیا جائے گا اور سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے،  میرپور میں جموں کشمیر ورکرز پارٹی شام پانچ بجے ویو پوائنٹ پارک سے ریلی نکالے گی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بتایا کہ آج حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ سارے پاکستان میں یوم استحصال کشمیر منایا جائے گا اوریہ وہ دن ہے جب دو سال پہلے مودی حکومت نے کشمیریوں کو خصوصی حیثیت دینے والی آئینی شقوں 370 اور 35 اے ختم کر کے ظلم ڈھائے، آج صبح 9 بجے ایک منٹ کے لئے ٹریفک بند ہوگی اور خاموشی اختیار کی جائے گی۔

دوسری جانب  پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر اس دن کی مناسبت سے خصوصی اشاعت و نشریات کا اہتمام کیا جائے گاجبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام بھارتی ہائی کمشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

خیال رہے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور کشمیری عوام کے خلاف بھارت کے یکطرفہ غیر قانونی اقدامات کی مذمت کے لیےآج  متعدد تقاریب منعقد کی جائیں گی،  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں یکجہتی واکس کا انعقاد کیا جائے گا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبائی دارالحکومتوں کی مرکزی شاہراہوں پر پوسٹرز اور بل بورڈز آویزاں کئے گئے ہیں جن پر کشمیری عوام کی حالت زار کو اجاگر کیا گیا ہے اور مقبوضہ وادی کشمیر میں بھارتی قابض فوج کے مظالم کو بے نقاب کیا گیا ہے۔