برطانیہ نے ٹریول لسٹ میں تبدیلیاں کردیں، پاکستان بدستور ریڈ لسٹ میں شامل

509

لندن: کورونا وائرس کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر برطانیہ نے ٹریول لسٹ میں تبدیلیاں کردیں ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ نے ٹریول لسٹ میں تبدیلیاں کرتے ہوئے بھارت کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا تاہم پاکستان بدستور اس فہرست میں موجود ہے، پاکستان سے آنے والے مسافروں کو ہوٹل میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔

محکمہ ٹرانسپورٹ نے جرمنی سمیت 7 ممالک کو گرین لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، بحرین، قطر اور یو اے ای کو ریڈ سے امبر لسٹ میں ڈالا گیا ہے۔ کورونا ویکسین شدہ افراد کو فرانس سے واپسی پر قرنطینہ نہیں کرنا ہوگا۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق 12 اگست سے ریڈ لسٹ میں شامل ممالک سے آنے والوں سے زائد قرنطینہ فیس لی جائے گی، قرنطینہ فیس ایک ہزار 750 پاونڈز سے بڑھ کر 2 ہزار 285 پاونڈز ہو جائے گی۔ اکیلے شخص کے ساتھ دوسرے بالغ شخص کے قرنطینہ کے لیے ایک ہزار 430 پاونڈز مزید ادا کرنا ہوں گے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ5  سے 12 سال تک کے بچوں کے اخراجات بد ستور 325 پاونڈز ہوں گے جب کہ پانچ  سال سے کم عمر بچوں کا قرنطینہ مفت ہوگا۔

ٹریول لسٹ میں تبدیلیوں کا اطلاق اتوار 8 اگست سے ہوگا۔