یوم استحصال کشمیر پر وزیراعظم اور صدر مملکت کے پیغامات

244

اسلام آباد: یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغامات میں بھارتی اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی تسلط برقرار رکھنے کے لیے فوجی محاصرہ کیا، بھارت نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق پر پابندیاں عائد کردیں، بھارت کشمیریوں کے پختہ ارادوں کو متزلزل نہیں کرسکا۔

عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کو مسلسل انسانی حقوق کی پامالیوں کا سامنا ہے، بھارت کشمیریوں کو اپنی سرزمین پر اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے، بھارتی اقدامات اقوام متحدہ قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، کشمیر کاز سے پاکستان کی پختہ وابستگی کا اعادہ کرتا ہوں۔

صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کشمیریو ں کا جذبہ توڑنے میں ناکام ہو چکے، کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ضروری ہے۔

عارف علوی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے، پاکستانی اور کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں، 5 اگست 2019 کو بھارت نے بین الاقوامی قوانین توڑنے کی کوشش کی۔