نواز شریف کی برطانوی ویزا میں توسیع کی درخواست مسترد

241

لندن: برطانیہ نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی ویزا میں توسیع کی درخواست مسترد کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف نے ویزا میں توسیع کی درخواست دی تھی تاہم برطانوی حکام نے ان کی ویزا توسیع کی درخواست مسترد کردی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی ویزا توسیع کی درخواست مسترد ہونے کی وجہ ان کے پاس کوئی مستند سفری دستاویز کا موجود نہ ہونا ہے، کیوں کہ نوازشریف کے پاسپورٹ کی مدت 16 فروری 2021 کو ختم ہو چکی ہے۔ نوازشریف کے پاس سابق وزیراعظم کی حیثیت سے سفارتی پاسپورٹ تھا۔

برطانوی امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے درخواست مسترد کیے جانے کے بعد اب نواز شریف کے پاس 2 آپشن ہیں، ایک تو یہ کہ وہ امیگریشن ڈیپارٹمنٹ میں فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کریں اور وہاں سے بھی درخواست مسترد ہونے پر وہ برطانوی عدالتوں سے رجوع کرسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف برطانیہ میں ویزا کیلئے اپیل مسترد ہونے پر برطانوی عدالتوں رجوع کرسکتے ہیں، عدالتوں نے بھی نواز شریف کیخلاف فیصلہ دیا تو انہیں پاکستان ڈی پورٹ کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی برطانیہ میں 6 ماہ قیام کے ویزے کی مدت ختم ہو چکی تھی جس پر انہوں نے اپنے علاج کے سلسلے میں برطانیہ میں مزید قیام کے لیے ویزا میں توسیع کی درخواست کی تھی۔