وادی کشمیر پریمر لیگ کی میزبانی کیلئے تیار،کل افتتاحی میچ کھیلا جائے گا

209

مظفر آباد(نمائندہ خصوصی)کشمیر پریمیئر لیگ کا آغاز کل سے مظفر آباد میں ہو گا۔کے پی ایل کا افتتاحی میچ میرپور رائلز اور راولاکوٹ ہاکس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ مایہ ناز آل رائونڈر شاہد آفریدی راولا کوٹ ہاکس کی کمان سنبھالیں گے جبکہ میر پور رائلز کی ٹیم شعیب ملک کی زیرقیادت میدان میں اترے گی۔کے پی ایل کے تمام میچز مظفر آباد کرکٹ ا سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، کے پی ایل میں مظفر آباد ٹائیگرز، میر پور رائلز، باغ اسٹالینز ، کوٹلی لائنز ، راولا کوٹ ہاکس اور اوور سیز واریئرز کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گی۔کشمیر پریمیئر لیگ کے اولین ایڈیشن کے 19 میں سے 12 میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی نے ایونٹ کو خوش آئند قرار دیا۔ کے پی ایل کوالیفائر میچ 14 اگست کو کھیلا جائے گا جبکہ ایلیمینیٹرون کا میچ 15 اگست اور دوسرا ایلیمینیٹر 16اگست کو کھیلا جائے گا۔کشمیر پریمیئر لیگ کا فائنل 17 اگست کو کھیلا جائے گا۔ڈائریکٹر آپریشنز تیمور خان کا کہنا ہے کہ کشمیر میں عالمی معیار کی کرکٹ لیگ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے، مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں بین الاقوامی معیار کی فلڈ لائٹس کی روشنیوں میں شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی اور یہ پلیٹ فارم نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لیے نہایت مناسب ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی دھمکیوں کا سامنے کرنے والے مایہ ناز جنوبی افریقی کھلاڑی ہرشل گبز کے پی ایل میں اوورسیز واریئرز کی نمائندگی کر رہے ہیں جبکہ مظفرآباد ٹائیگرز کو سابق سری لنکن کپتان تلکارتنے دلشان کی خدمات حاصل ہوں گی۔کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل)کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع کردی گئی ہے۔کے پی ایل انتظامیہ کے مطابق کشمیر پریمیئر لیگ کے میچز کے ٹکٹ 4مختلف قیمتوں میں فروخت کیے جارہے ہیں، ٹکٹس کی فروخت 750، 1500، 2000، 2500 میں جاری ہے۔ایک شناختی کارڈ پر 6ٹکٹ فروخت کیے جارہے ہیں، مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں 8اینکلوژرز بنائے گئے ہیں۔شائقین کرکٹ کا بغیر ماسک اسٹیڈیم میں داخلہ ممنوع ہوگا، شائقین سماجی فاصلے سے پویلین میں بیٹھیں گے، مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں 25 فیصد شائقین کے داخلے کی اجازت ہے۔