ٹوکیواولپمکس ،ارشد ندیم فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ بن گئے

226

ٹوکیو(جسارت نیوز)ٹوکیو اولمپکس، قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی کی بدولت جیولین تھرو مقابلوں کے فائنل رائونڈ میں جگہ بنا لی۔ انہوں نے 85.16 کی تھرو کر کے گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس طرح وہ اولمپک ایتھلیٹکس مقابلوں کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ بن گئے ۔ ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کے فائنل مقابلے 7 اگست کو ہوں گے۔مینز جیولین تھرو کے کوالیفائرز مقابلے بدھ کو ہوئے جس میں قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم گروپ بی میں شامل تھے ۔ گروپ بی میں شریک 16 ایتھلیٹس کو فائنل تک رسائی کیلئے پہلے 83.5 کی تھرو درکار تھی، ارشد ندیم پہلی باری میں 78.50 کی تھرو کر سکے لیکن دوسری باری میں انہوں نے 85.6 کی تھرو کرکے براہ راست فائنل رائونڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ یہ ان کے کیریئر کی تیسری بہترین تھرو تھی، ارشد ندیم گروپ بی میں سرفہرست رہے جبکہ گروپ اے میں بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے 86.65 کی تھرو کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔کامیابی کے بعد قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کہا کہ وہ جیولین تھرو کے فائنل میں عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کے لئے میڈل حاصل کریں گے، قوم سے ایک مرتبہ پھر دعائوں کی درخواست ہے۔دوسری طرف چین، امریکا اور جاپان میں پہلی پوزیشن کے حصول کے لیے جدوجہد جاری ہے۔ دیگر ممالک میں برازیل کی اینا مارسیلا کونہا نے ویمنز میراتھن سوئمنگ میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ آسٹریلیا آسٹریلیا کے میتھیو بلیچر اور ول رائن نے مینز سیلنگ میں طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔کیوبا کے باکسر آرلین لوپیز نے باکسنگ میں سونے کا تمغہ سینے پر سجا لیا۔ جاپان کی سکورا یوسوزومی سکیٹ بورڈنگ میں سونے کا تمغہ لینے میں کامیاب۔سب سے اہم معرکہ میں امریکی خاتون ایتھلیٹ سڈنی میک لافلن نے 400 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ میں طلائی تمغہ جیت کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔