فٹبال پریمئر لیگ کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے، شرافت بخاری

258

اسلام آباد (سید وزیر علی قادری) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے جانب سے ملک میں پابندی کے باوجود منتخب باڈی کھیل کی ترویج اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے روز و شب مصروف ہے۔ 2 روز قبل پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر نے اسپانسر سے معاہدے کے بعد فٹبال پریمئر لیگ کا اعلان کیا جو خوش آئند ہے یقینا اس سے فٹبالرز کے گھروں میں خوش حالی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری شرافت بخاری نے نمائندہ جسارت سے گفتگو کرتے ہویے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں کھیلوں کی زبوں حالی ہے ایک طرف تو عالمی وبا کووڈ19کا سامنا ہے تو دوسری طرف اداروں میں کھینچا تانی جاری ہے جس کی وجہ سے کھیل اور کھلاڑی کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ تاہم جہاں تک فٹبال فیڈریشن کا تعلق ہے تو ہم پاکستان کی تمام ایسوسی ایشنز اپنے صدر انجینئر اشفاق شاہ کی قیادت میں متحد ہیں اور اس کا بین گزشتہ ماہ ہونے والی انڈر 23قومی چیمپین شپ تھی جس کا شاندار اور کامیاب انعقاد ایبٹ آباد میں ہوا۔ انہوں نے فیفا کی جانب سے لگائی جانے والی پابندی سے متعلق سوال پر صرف اتنا کہا کہ ہم تو منتخب باڈی ہیں اور متعین روڑ میپ پر کام کررہے ہیں جو جلد فٹبال کو کامیابی کے ٹریک پر لے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ نارملائزیشن کا کام شفاف انتخابات کرانا تھا لیکن وہ اس میں ناکام رہے۔ لہٰذافیفا کی نامزد کمیٹی کی موجودگی فٹبال کو مزید تباہی کی طرف لے کر جاتی ہم نے اپنا جمہوری حق استعمال کیا اور فٹبال کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ اس سوال کے جواب پرکہ فٹبال پریمئر لیگ کا مستقبل کس طرح کا دیکھتے ہیں شرافت بخاری کا کہنا تھا کہ لیگ وقت کی ضروت تھی جسے صدر فیڈریشن اشفاق شاہ نے اعلان کرکے ایک اور دیرینہ وعدہ پورا کردیا جس سے روزگار ملنے کے بعد فٹبال میں بہتری آئے گی۔ فٹبال کا ملک اور عالمی سطح پر مستقبل کو کس طرح دیکھتے ہیں کے جواب میں کہنا تھا کہ اگر مردے اکھیڑنے کے بجائے مستقبل کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے تو یقینا ہمارا مستقبل تابناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اونچے مقاصد حاصل کرنے کے لیے کاہیوں میں بٹنے کے بجائے ہمیں ایک ہونا ہوگا اور چھوٹے چھوٹے اختلافات کو بھلانا ہوگا۔ انہوں نے کہا سب سے پہلے میں اپنے آپ کو ہر لحاظ سے پیش کرتا ہوں ۔ایک طرف میرا احتساب کیا جائے تو دوسری طرف میں اپنا عہدہ چھوڑ کر اپنے سے بہتر کارکردگی دکھانے والے فرد کو دینے کے لیے تیار ہوں۔ آخر میں انہوں نے جسارت کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی کہ اسلام آباد سے بھی ایڈیشن شائع ہورہا ہے جو یقینا کھیلوں کی ترویج میں اپنا کردار ادا کرے گا۔