تعمیراتی صنعت کا فروغ ملکی معاشی ترقی کا ضامن ہے ، ناصر مرزا

124

راولپنڈی (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس نے تعمیراتی شعبے کے فروغ کو ملکی معاشی ترقی کا ضامن قراردے دیا ۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ناصر مرزا نے قومی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی جانب سے کنسٹرکشن انڈسٹری کو دیا گیا مراعاتی پیکج جہاں تعمیراتی صنعت سے بالواسطہ اور بلاواسطہ منسلک کم و بیش 40سے زائد شعبہ جات کی روزافزوں ترقی کا سبب بنا وہیں لاکھوں لوگوں کے روزگار کا در بھی کھلا ۔انہوں نے کہاکہ سیمنٹ ، ریت ،بجری ، اینٹ، پینٹ ،کیبلز ، سینیٹری ،پلاسٹک کے شعبہ جات سرفہرست ہیں اور تعمیراتی صنعت میں تیزی آنے کے کے ساتھ منسلکہ صنعتیں ازخود فروغ پاتی ہیں جن سے معیشیت پر خاطر خواہ مثبت نتائج مرتب ہوتے ہیں ۔ آر سی سی آئی صدر ناصر مرزا نے قومی خبر ایجنسی کو انٹرویو میں بتایاکہ حکومت کی جانب سے کم آمدنی والے طبقے کو گھروں کی فراہمی کے اپنی نوعیت کے منفرد نیاپاکستان ہائوسنگ منصوبے کی بدولت کنسٹرکشن انڈسٹری میں کئی دھائیوں کے بعد پہلی مرتبہ بھرپور اٹھان آئی ہے۔