الخدمت فاﺅنڈیشن ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام بورڈ کا جائزہ اجلاس

244
اسلام آباد: الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام بورڈ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) الخدمت فاﺅنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر محمد عبد الشکور کی زیر ِصدارت ڈیزاسٹر مینجمنٹ بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل شاہد اقبال، ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال سمیت دیگر ذمے داران نے شرکت کی۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ بورڈ کے اجلاس میںمستقبل کی منصوبہ بندی کی گئی اور ملک بھر میں جاری مون سون کی بارشوں سے پیدا ہونے والی ناگہانی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ بورڈ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے صدر الخدمت فاﺅنڈیشن پاکستان محمد عبد الشکور نے کہا کہ بد قسمتی سے پے در پے ناگہانی آفات، بد امنی کے خلاف جنگ، روزمرہ حادثات اوربیماریوں کے باعث ملک بھر کے مسائل میں ان گنت اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کی متوقع بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی خطرناک صورتحال کے پیشِ نظر الخدمت فاﺅنڈیشن پاکستان کے تمام رضاکار اور دفاتربشمول ہیڈ کوارٹر ، ریجنل دفاتر اور ضلعی دفاتر مکمل تیار اور ریسپانس سنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔ شاہد اقبال، سیکرٹری جنرل نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ الخدمت فاﺅنڈیشن 7 پروگراموں پر کام کر رہی ہے جن میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ،کفالت یتامیٰ، صحت عامہ، صاف پانی، کمیونٹی سروسز، تعلیم اور مواخات شامل ہیں۔