راولپنڈی: جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین کے دورے کی تیاریاں مکمل

145

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اوردیگر مرکزی قائدین 6تا8اگست راولپنڈی ضلع کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس 3 روزہ دورے کے مختلف پروگراموں کے انتظامات
اور تیاریوں کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی بلڈنگ میں انتظامی کمیٹی کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مرکزی قائدین کے دورہ راولپنڈی کے پروگراموں کے حوالے سے جائزہ لیا گیا اور انہیں حتمی شکل دی گئی۔ سید عارف شیرازی نے کہا 6تا8اگست کے دورے میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے ہمراہ سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امرا لیاقت بلوچ، پروفیسر محمد ابراہیم خان، میاں محمد اسلم، راشد نسیم، اسد اللہ بھٹو،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، وقاص انجم جعفری، حافظ ساجد انور، بختیار معانی، امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، جنرل سیکرٹری اقبال خان، نائب امرا ڈاکٹر مبشر احمد صدیقی,قاضی محمد جمیل اور دیگر عہدیداران بھی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی قائدین راولپنڈی شہر اور کینٹ کے علاوہ ٹیکسلا،واہ،تحصیل راولپنڈی،دولتالہ، گوجر خان،کلر سیدان،کہوٹہ،کوٹلی ستیان اور مری میں بھی مختلف پروگراموں میں شر یک ہوں گے اور خطاب بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی، قومی و سیاسی کنونشن کے موقع پر متعدد دینی و سیاسی اور سماجی شخصیات جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان بھی کریں گی۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اور دیگر قائدین اپنے اس دورے کے دوران ورکرز کنونشن، خواتین کنونشن، یوتھ کنونشن، تعلیمی کنونشن، پختون جرگہ،میڈیا اور سوشل میڈیا کنونشن کے علاوہ تاجروں اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق مرکزی جامع مسجد گلزار قائد میں جمعہ کے اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔