کشمیر کیلیے جہاد کا آپشن بھی کھلا رکھنا ہوگا‘ پاکستان میڈیا تھنک ٹینک

178

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) دانش وروں، تاجروں اور صحافیوں نے تجویز کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے حکومت پاکستان بات چیت، مذاکرات کے ساتھ جہاد کا آپشن بھی کھلا رکھے۔ اس کے بغیر بھارت کشمیری عوام کو ان کے مستقبل کے فیصلے کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کے لیے سنجیدہ نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں
نے پاکستان میڈیا تھنک ٹینک کے زیر اہتمام ایک تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صحافیوں، اور تاجروں، انجینئر محسن جنجوعہ اور رئیل اسٹیٹ بزنس سے وابستہ افراد اسرار الحق مشوانی اور طاہر عباسی اور دیگر افراد نے شرکت کی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر کالم نگار محمد نواز رضا نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کا ایک پیج پر ہونا بہت ضروری ہے۔ ملک کی سیاسی جماعتیں متحد ہوں اور کشمیر کا مقدمہ بہترین انداز میں دنیا کے سامنے اجاگر کیا جائے۔ جماعت اسلامی کا یہ مطالبہ کہ کشمیر کے لیے نائب وزیر خارجہ بنایا جائے نہایت اہم مطالبہ ہے۔ ہمیں ماضی میں مسئلہ کشمیر کے لیے مسلم ممالک کی بھر پور سپورٹ ہوا کرتی تھی، اب اس میں فرق آگیا ہے۔ حکومت رائے شماری کے بعد ریفرنڈم کی بات کرکے کیا کہنا چاہتی ہے اس کی وضاحت ہونی چاہیے۔ پاکستان پریس کونسل کے سابق چیئرمین بلوچستان کے سابق ایڈووکیٹ جنرل ڈاکٹر صلاح الدین مینگل(تمغہ امتیاز) نے کہا کہ بھارت نے اپنے آئین میں ترمیم کرکے مقبوضہ کشمیر میں ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے او آئی سی اور اقوام متحدہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ شاہ فیصل، بھٹو اور دیگر مسلم رہنماﺅں کو مسلم بلاک بنانے کی کوشش کرنے کی سزا دی گئی ہے اور سی آئی اے نے انہیں راستے سے ہٹایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی معیشت مضبوط بنانی چاہیے تاکہ ہم اپنے مسائل کے حل کے لیے بڑی طاقتوں کے محتاج نہ رہیں۔ معروف صحافی زاہد حسین مشوانی نے کہا کہ جہاد ہی واحد راستہ ہے جس کے لیے کشمیر آزاد کرایا جاسکتا ہے۔ ہماری ہر حکومت نے اپنے دور میں مسئلہ کشمیر کا الگ الگ حل پیش کیا۔ ہمیں ایک قوم بن کر سوچنا ہوگا اور کشمیر پر اپنا موقف اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ پارلیمانی رپورٹر ایسوسی ایشن کے سینئر رکن شہزاد حسین مرزا نے کہا کہ جہاد ہی کشمیر کی آزادی کا راستہ ہے۔ اسے اپنایا جائے بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور اس نے اس خطے میں طاقت کا توازن بدل دیا ہے۔ معروف صحافی سردار عامر حسین عالم گیر نے کہا کہ ہمیں جرات دکھانی چاہیے۔ چین نے بھی لداخ کے معاملے پر جرات دکھائی اور جب تک ہم جرات کا مظاہرہ نہیں کریں گے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور وہ ہماری فوج کے منتظر ہیں، ہمیں بھارت کو الٹی میٹم دینا چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل پر آمادہ ہو۔ تاجر رہنما طاہر عباسی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 2 سال سے لاک ڈاﺅن ہے اور وہاں کشمیری عوام کی زندگیاں اجیرن بن گئی ہیں۔ آج دنیا میں کورونا کے حالات وہاں کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کا نتیجہ ہیں۔ بھارت نے آئین میں ترمیم کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے۔