حیدرآباد،گڈز کمپنیوں کو شہر سے باہر منتقل کرنیکا مطالبہ

301

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد کے معروف تاجر رہنما اور بلڈر چودھری نظام الدین آرائیں نے کمشنر ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حیدرآباد کے گنجان آباد علاقوں سول اسپتال ، مارکیٹ ٹاور، ہیرآباد، پرانی سبزی منڈی سمیت دیگر علاقوں میں قائم گڈز کمپنیوں فوری طورپر شہر سے باہر منتقل کی جائیں کیونکہ ان گڈز کمپنیوں کا سامان باہر رکھے جانے کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل جنم لے رہے ہیں۔ وہ نیو سبزی منڈی ہالاناکہ پر ندیم جتوئی کی گڈز کمپنی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ چودھری نظام الدین آرائیں نے کہاکہ جگہ جگہ گڈز کمپنیوں کا سامان باہر رکھے ہونے کی وجہ سے پورے علاقے میں ٹریفک جام رہتا ہے جس کی وجہ سے ایمبولینسیں بھی آسانی سے نہیں گزر پاتی ہیں اور کئی افراد کو جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس صورتحال کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بھی تباہ حال ہوتا جارہا ہے اور خاص طورپر حیدرآباد کے سب سے بڑے سول اسپتال جہاں ہر وقت ایمرجنسی رہتی ہے اس کے قریب تمام گڈز کمپنیاں فوری طورپر ہٹائی جائیں اور انہیں شہر سے باہر منتقل کیا جائے۔